ایرانی صدر کا ہیلی کاپٹر مشرقی آذربائیجان میں حادثے کا شکار
ایرانی صدر کا ہیلی کاپٹر مشرقی آذربائیجان میں حادثے کا شکار
✍️: ندائے اسعد
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو حادثے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ایرانی وزیر داخلہ احمد واحدی کے مطابق، ایران کے مشرقی آذربائیجان صوبے کے علاقے جولفہ کے قریب سرچ آپریشن جاری ہے، مگر خراب موسم کی وجہ سے اس میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی ایران اور آذربائیجان کے سرحدی علاقے میں ایک ڈیم کا افتتاح کر کے واپس آ رہے تھے۔ اس موقع پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف بھی موجود تھے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق، ہیلی کاپٹر میں ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللهیان، مشرقی آذربائیجان کے گورنر ملک رحمتی، اور صوبے میں ایرانی صدر کے نمائندے آیت اللہ محمد علی بھی موجود تھے۔
نیم سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق، ہیلی کاپٹر نے ہنگامی لینڈنگ کی ہے اور فی الحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ ہیلی کاپٹر کی ہنگامی لینڈنگ کا مقام شمال مغربی صوبے آذربائیجان شرقی کے اوزی گاؤں کے قریب بتایا جا رہا ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں نے ایرانی سرکاری ٹی وی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو حکام ہنگامی لینڈنگ کے مقام تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ایرانی وزیر داخلہ احمد واحدی نے کہا کہ خراب موسم کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم تمام متعلقہ ادارے مکمل کوشش کر رہے ہیں کہ صدر اور دیگر سوار افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا سکے۔ ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد کی حفاظت کے بارے میں مزید معلومات کا انتظار ہے۔
تبصرے