جنات سے حفاظت کا وظیفہ جنات ہی کی زبانی
جنات سے حفاظت کا وظیفہ جنات ہی کی زبانی
حضرت ابوایوب انصاری رضی اللہ عنہ بہت بڑے صحابی ہیں ، جب حضورﷺ مکہ مکرمہ سے ہجرت کر کے مدینہ تشریف لے گئے ، تو آپ ہی کے یہاں قیام فرمایا ، آپ نے حضورﷺ کی خوب مہمان نوازی کی ایک مرتبہ حضرت ابوایوب انصاریؓ کے پاس بہت سے کھجوریں تھیں ، انھوں نے ان سب کو جمع کر کے اپنے کمرے میں رکھ لیا ، اب روزانہ رات کے وقت ایک جن آتا اور اس میں سے کھجور چرا کر لے جاتا ؛ جس کی وجہ سے کھجوریں کم ہونے لگیں ۔ حضرت ابوایوب انصاری نے حضورﷺ کو یہ بات بتائی کہ اے اللہ کے رسول ! میں نے اپنے کمرے میں کھجوریں جمع کر رکھی ہیں، روزانہ ایک جن اس میں سے چرا کر لے جاتا ہے ۔ آپﷺ نے فرمایا : وہ جنیہ ہے ، اب اگر تم اسے کھجور لے جاتے ہوئے دیکھو تو یہ پڑھ لینا : بسم اللہ اجیبی رَسُول اللہ۔ (اللہ کا نام لے کر نبی پاکﷺ کے پاس چل کر اور اس کا جواب دے)۔ جب رات کو وہ جنیہ چوری کرنے آئی ، تو حضرت ابوایوب انصاری نے حضورﷺ کے بتائے ہوئے کلمات پڑھ کر جنیہ کو پکڑ لیا ۔ جنیہ نے درخواست کی مجھے چھوڑ دیجیے ، میں قسم کھا کر کہتی ہوں کہ اب میں دوبارہ نہیں آؤں گی ۔ حضرت ابوایوب انصاری نے اسے چھوڑ دیا ۔ صبح کو حضورﷺ نے پوچھا : تمہارے قیدی جنیہ کا کیا ہوا؟
انہوں نے کہا : یا رسول اللہ! میں نے تو اسے پکڑلیا تھا؛ لیکن اس نے قسم کھا کر کہا کہ اب میں دوبارہ نہیں آوں گی ؛ اس لیے اسے چھوڑ دیا ۔ آپﷺ نے فرمایا : وہ جھوٹ بول رہی تھی ، دوبارہ آئے گی ۔ دوسری رات بھی وہ آئی ، حضرت ابوایوب انصاری نے اسے پکڑ لیا ، وہ دوبارہ قسم کھا کر بولی مجھے چھوڑ دیجیے ، اب دوبارہ نہیں آؤں گی ۔ حضرت ابوایوب انصاری نے اسے چھوڑ دیا ۔ صبح کو حضورﷺ نے پوچھا : تمہارے قیدی کا کیا ہوا؟
حضرت ابوایوب انصاری نے کہا : یا رسول اللہ ! اس نے پھر نہ آنے کی قسم کھائی تو میں نے اسے چھوڑ دیا ۔ آپﷺ نے فرمایا : وہ جھوٹ بول رہی تھی ، دوبارہ پھر آئے گی ، جب وہ تیسری مرتبہ آئی ، تو حضرت ابو ایوب انصاری نے اسے پکڑ کر کہا : اس مرتبہ تجھے حضورﷺ کے پاس لے جاکر رہوں گا ۔ جنیہ نے کہا مجھے چھوڑ دیجیے ، میں آپ کو ایک ایسا عمل بتا دوں گی جس کی وجہ سے شیطان وغیرہ آپ کے گھر کے پاس بھی نہیں آپائیں گے ۔ وہ عمل یہ ہے کہ آپ اپنے گھر میں آیتہ الکرسی پڑھا کیجیے ؛ اس کی وجہ سے گھر میں شیطان وغیرہ نہیں آئیں گے ، حضرت ابو ایوب انصاری نے اسے چھوڑ دیا ۔ صبح کو انھوں نے حضورﷺ کو ساری باتیں بتائی ، تو آپﷺ نے فرمایا : جھوٹی ہونے کے باوجود اس نے صحیح کہا کہ آیتہ الکرسی پڑھنے کے بعد شیطان وغیرہ گھر میں نہیں آتے ۔ [ترمزی شریف : ۲۸۸۰]
اس واقعہ سے یہ سبق ملتا ہے کہ ہمیں بھی اپنے گھروں میں آیتہ الکرسی اور قرآن کریم کی تلاوت کرنی چاہیے ؛ اس سے گھروں میں برکت ہوتی ہے ، جنات و شیاطین اور ان کی پریشانیوں سے حفاظت ہوتی ہے ۔

تبصرے