پردہ اور نظر کی پاکیزگی قسط 2

 پردہ اور نظر کی پاکیزگی قسط 2

پردہ اور نظر کی پاکیزگی قسط 2


   آج کل لڑکیوں کو اسکولوں، کالجوں میں پڑھانے کے لیے بھیجتے ہیں، ان کو اونچی ڈگریاں دلانے کی کوشش کرتے ہیں، اول تو اس میں اُس حکم کی خلاف ورزی ہے کہ عورت اپنے گھر میں رہے، اگر باہر نکلنا ہو تو بدرجہ مجبوری پابندیوں کے ساتھ نکل سکتی ہے مگروہ تو پردہ کے اہتمام کے بغیر نکلی ہیں اور خوب بن ٹھن کر خوشبو لگا کر جاتی ہیں، پھر رہی سہی کسر مخلوط تعلیم نے پوری کر دی، ایک ہی کلاس میں لڑکے اور لڑکیاں اور بالغ مرد اور عورت بے پردہ ہو کر بیٹھتے ہیں اور عجیب بات یہ ہے کہ اسلامیات کی ڈگری لینے والے عین تعلیم کے وقت اسلامی احکام کو پامال کرتے جاتے ہیں اور جو لوگ ان باتوں پر نکیر کرتے ہیں اور بتاتے ہیں کہ یہ غیر شرعی طریقہ ہے وہ کیسی ہی آیات و احادیث پیش کریں ، اُن کی بات کو دقیانوسی کہہ کر ٹال دیتے ہیں ، اللہ تعالیٰ ان کو سمجھ دے اور دین کے بیج تقاضے کو سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ اسلام حیا اور شرم ، عفت و عصمت ، غیرت و حمیت والا دین ہے۔ اس نے انسانیت کو اونچا مقام دیا ہے، انسان اور حیوان میں جو امتیازی فرق ہے وہ اسلام کے احکام پڑھنے سے واضح ہو جاتا ہے۔ اسلام یہ ہرگز گوارا نہیں کرتا کہ انسانوں میں حیوانیت آجائے اور چوپایوں کی طرح زندگی گزاریں۔ 

مردوں اور عورتوں کے اندر جو ایک دوسرے کی طرف مائل ہونے کا فطری تقاضا ہے شریعت اسلامیہ نے اُن کی حدود مقرر فرمائی ہیں۔ حقوق نفس اور حظوظ نفس سب کا خیال رکھا ہے، لیکن انسان کو شتر بے مہار کی طرح نہیں چھوڑا کہ جو چاہے کھائے اور جو چاہے پہنے اور جہاں چاہے نظر ڈالے اور جس سے چاہے لذت حاصل کرے، بہت سے لوگ جو نام نہاد مسلمان ہیں (اگر چہ علوم عصریہ میں ماہر ہیں اور دنیاوی معاملات سے اچھی طرح واقف ہیں ) یورپ و امریکہ کے یہود و نصاری اور بددین ملحدوں اور زندیقوں کی دیکھا دیکھی بلکہ اُن کی ترغیب اور تحریر سے متاثر ہو کر مسلمانوں کو بھی بہیمیت کے سیلاب میں بہا دینا چاہتے ہیں۔ جب اُن لوگوں کے سامنے پردہ کے احکام و مسائل پیش کئے جاتے ہیں تو قرآن وحدیث کے واضح دلائل سامنے ہوتے ہوئے بڑی ڈھٹائی کے ساتھ کہہ دیتے ہیں کہ یہ سب باتیں مولویوں نے نکالی ہیں۔ عورتوں کو بے پردہ پھرانے بلکہ گلیوں میں نچوانے کو یہ لوگ ترقی سے تعبیر کرتے ہیں۔


مزید یہ بھی پڑھیں 👇


تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

سال نو کے بدترین مفاسد اور ہماری ذمہ داریاں: قرآن و حدیث کی روشنی میں

طریقۂ نماز عیدین

لڑکیوں کی تربیت سے متعلق ضروری باتیں