آہ! میرے ہمنوا

 آہ میرے ہمنوا میرے ہم سبق

از قلم: محمد دلشاد قاسمی برندابن



آج ہمارے ان احباب واعزاءکو الوداع کہتے ہوئے کلیجہ منہ کو آتا ہے جو ہم سے جدا ہوا چاہتے ہیں ،اورہمیں داغ مفارقت دیکر اپنا رخت سفر باندھنے کو تیار بیٹھے ہیں ، اس وقت میں اپنے رخصت ہونے والے ساتھیوں کے خدمت میں چند قلبی تأثرات اور بیتے دنوں کے کچھ احساسات وجذبات کو دہرانا چاہوں گا،لیکن میرا حال یہ ہے کہ حزن و ملال اور مسرت و شادمانی کے ملے جزبات میرے ذہن ودماغ پر طاری ہیں،مسرت وشادمانی اس لئے کہ اب یہ ہمارے ساتھی ہم سے جدا ہوکر اپنے علم و فکر کے سفر کو مزید آگے بڑھائیں گے،اورکاروان فکر و فن کے ہمدوش اپنے مستقبل کو بنانے اور سنوارنے کے لیے ہمیں الوداع کہہ دیں گے، اور جہاں جائنگے اپنے اساتذہ اور جامعہ کی نیک نامی کا سبب بنیں گے، اور حزن و ملال اس وجہ سے کے اللہ ربّ العزت نے انسان کی فطرت میں یہ بات رکھ دی ہے کہ جب وہ کسی کے ساتھ کچھ ایام اور شب وروز بسر کرلیتا ہے تو اس کو اس سے انسیت اورقلبی تعلق ہوجاتا ہے، اور جب جدائی اور مفارقت کی گھڑی آتی ہے تو دل غمزدہ ہوجاتا ہے اور آنکھیں اشکبار اور دل کی ترجمان ہوجاتی ہے، اور اس عالم رنگ و بو کا یہی دستور رہا ہے کہ کسی کو کسی کی دائمی صحبت نصیب نہیں، اور ہر ملنے والے ایک دن بچھڑ تے ہیں، لوگ بچھڑ جاتے ہیں، جسموں کے فاصلے بڑھ جاتے ہیں لیکن ان کی یادیں اور ساتھ گزارے ہوۓ لمحات شب و روز قلب و دماغ کے پردہ پر ہمیشہ ہمیش کے لئے حسین یادوں کے دلفریب اور دیدہ زیب تصویریں نقش کر جاتے ہیں جو کبھی محو نہیں ہوتیں، اگرچہ ہمارا اور آپ کا ساتھ بہت طویل نہیں رہا لیکن اس کے باوجود اس مختصر سی رفاقت میں قلب و دماغ کے صفحہ پر بہت ساری خوشگوار یادیں اور باتیں نقش ہیں، آپ کے غائبانہ میں ہماری ملاقاتوں کی وہ بے تکلف محفلیں بہت یاد آییں گی اور دل کو تڑپا جائینگی۔


گزر تو جاےگی تیرے بغیر بھی لیکن

بہت اداس ، بہت بے قرار گزرے گی 


اس وقت میرے زبان و قلم میں اتنی طاقت نہیں کہ میرے دلی جزبات و کیفیات کی ترجمانی کرسکیں لیکن پھر بھی اپنے تاثرات وجزبات کی ترجمانی کرنے کی کوشش کررہا ہوں ۔

آج جب کہ ہماری جدائی کا وقت آپہنچا ہے ہمیں اس بات کے اعتراف میں کوئی جھجھک نہیں کہ اپ رخصت ہونے والے ہر ایک ساتھی کا ہم میں سے ہر ایک کے ساتھ حددرجہ الفت ومحبت سے بھرپور اور خلوص آمیز رویہ رہا ،اور آپ تمام کے جانب سے شفقت و مروت اور معاونت کا معاملہ رہا ، ہم آپ کے ان احسانات اور پرخلوص تعلقات کے لئے ہمیشہ ہمیش شکرگزار اور ممنون و مشکور رہیں گے ، اور بارگاہ ایزدی میں ہمہ وقت دعاء گو رہیں گے کہ آپ جہاں کہیں بھی رہیں کامیابی وکامرانی ہر موڑ پر آپ کے قدم کو چومے اور جہاں جائیں آپ کے علم و فکر ،بلندوبالا اخلاق واوصاف اور روشن کردا کی خوشبو سے غبار راہ مشکبار اور عطربیز ہوجاے ۔  


رخصت ہونے والے ہمارے عزیز محترم برادران اور احباب !


آپ نے یہاں اس عظیم یونیورسٹی میں جو وقت گزارا ہے، صبح وشام کی جن حسین اور یاد گار ساعتوں میں یہاں جو آپ نے سانس لیا وہ یقینا آپ کی زندگی کے حسین اور خوبصورت پل تھے جو گزر گئے،لیکن آپ جہاں کہیں رہیں گے یہاں گزارے ہوۓ روز وشب، یہاں کے بام ودر، یہاں کی فضائیں یہ سب آپ کی یادوں کا بیش قیمت سرمایہ ہونگے، اور آپ نے اپنے اساتذہ کرام کی صحبتوں میں رہ کر جو علم حاصل کیا، اور فکر و فن کی جن وادیوں کو سیر کیا اور یہاں سے آپ نے اخلاقیات،گرمی قلب و جگر ،سوز وساز اور اعلی اقدار وروایات کا جو درس لیا وہ ہمیشہ آپ کی زندگی میں آپ کے لئے مشعل راہ ثابت ہوگا، اس کی قدر و قیمت کو آپ ہمہ وقت محسوس کریں گے ، اور اس احساس کے عملی نتیجہ کی شکل میں آپ کی شخصیت آپ کا خاندان ، آپ کے ہم وطنوں ، آپ کے رفقاء ، آپ کے سماج اور سوسائٹی اور پوری انسانیت کے لئے روشنی کا مینار اور دانشمندی کا بلند وبالا ستون ہوگا ۔

آپ جب کہ یہاں سے رخصت ہوچکے ہونگے ، آپ کے سامنے ایک نئ دنیا ہوگی ، چیلنجز اور مطالبات آپ کو آواز دے رہے ہوں گے ، اور ملک وملت کی کشتی بھنور میں ہوگی تو ایسے وقت میں آپ کی یہ ذمداری ہوگی کہ آپ اس شعر کے عملی تصویر بن جائیں ۔


اگر منظور ہو تجھکو خزاں ناآشنا رہنا

جہان رنگ و بو سے پہلے قطع آرزو کرلے


میرے عزیز رفقاء!


درحقیقت آپ کے جلو میں وہ گوہر نایاب ہے جس سے آپ اندھیروں میں اجالا اور بھٹکے ہوئے آہوؤں کو آشناےراز ازل کرسکتے ہیں ، آپ کے پہلو میں وہ درنایاب ہے جس کی ضوفشانیوں سے آپ مہرو وفا ، الفت ومروت اور لطف وکرم کے دیپ جلاسکتے ہیں ، بلا شبہ آپ سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں اور آپ ہی پر نگاہ روزگار ٹکی ہے۔


اور سچی بات ہےیہ


کہ دیار عشق میں اپنا مقام پیدا کر

نیا زمانہ ،نئے صبح وشام پیدا کر

خدا اگر دل فطرت شناس دے تجھ کو

سکوت لالہ وگل سے کلام پیدا کر

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

سال نو کے بدترین مفاسد اور ہماری ذمہ داریاں: قرآن و حدیث کی روشنی میں

طریقۂ نماز عیدین

لڑکیوں کی تربیت سے متعلق ضروری باتیں