خواتین کی تعلیم و تربیت قسط (3)

 خواتین کی تعلیم و تربیت قسط (3)



اگر بات عورتوں کی مذہبی تعلیم کی، کی جائے (نہ کہ محض عصری و مغربی تعلیم کی ) تو معاملہ حد سے تجاوز ہوتا ہوا نظر آتا ہے ، کہتے ہیں کہ ماں کی گود بچوں کے لیے پہلا مکتب ہوتا ہے ، اب اگر ماں ہی دینی تعلیم سے بیزار ہوتو اندازہ کرنا مشکل نہیں کہ بچے پر کیا اثرات پڑیں گے ، آج خواتین کو قرآن وحدیث کے مطالعہ کی فرصت نہیں ، نتیجتاوہ اپنے بچوں کے لیے بھی اس حوالے سے متفکر نہیں ہوتیں ، عورتوں کا بہت بڑا طبقہ ایسا ملے گا ، جسے سیرت رسولﷺ کی موٹی موٹی باتیں معلوم نہیں ، طہارت وعبادت بالخصوص نماز کی بجا آوری تو دور کی بات ، ان کے مسائل سے تشویش ناک حد تک ناواقفیت ہے ، حقوق والدین ، حقوق زوج اور دیگر چھوٹے بڑے افرادِ خانہ کے حقوق سے غفلت روز افزوں ہے ، نوبت بایں جارسید کہ ٹھوس اسلامی تعلیمات سے دوری نے مسلم خواتین کو یہ منفی سبق پڑھایا کہ پردہ ، آزادی نسواں کے لیے سدّ راہ ہے اور نام نہاد و ترقی کا دشمن ہے اور اس کا چراغِ خانہ ہونا قدامت پسندی ہے ، اسے جدیدیت کا لبادہ اوڑھ کرشمع محفل بن جانا چاہیے ، مضبوط دینی تعلیمات سے لاعلمی نے ساس بہو کے جھگڑے پیدا کر دیئے ، دینی تعلیمات سے اجتناب نے طلاق کی شرح میں اضافہ کر دیا ، دینی تعلیمات سے بے گانگی نے بڑے بوڑھوں کی خدمت کا کارِ ثواب کے بجاۓ کار زحمت بنادیا ، بقدر ضرورت دینی تعلیمات سے بعد اور مغربی تعلیمات سے قرب نے مسلمان خواتین کو امورِ خانہ داری انجام دینے کے بجاۓ ، آفس ، ہوٹلوں اور ہسپتالوں میں (Reception) ریسیپشن کی زینت بنادیا ، دینی تعلیمات سے صرفِ نظری نے پڑوسیوں کے حقوق کی ادائیگی کے بدلے لڑائی جھگڑے کے طور طریقے سکھلا دئیے ۔
 الغرض اسلامی زندگی کے جس موڑ پر آپ اسلامی روح کو تڑپتے ہوئے دیکھیں گے ، اس کا نتیجہ دینی تعلیمات کا زندگی میں ، نہ ہونا پائیں گے ، علامہ اقبال نے کہا تھا "وجود زن سے ہے تصویر کائنات میں رنگ" اس سے کیسا وجودمراد ہے ، کیا اسلامی اور دینی تعلیمات کی روح سے یکسر خالی مغربی وجودزن ؟ آج ہر طرف عصری اور مغربی علوم کا غلغلہ ہے ، اسلام اس کی راہ میں حائل نہیں ہوتا ، ہاں ! اتنی بات ضرور ہے کہ دینی تعلیم کو فراموش کر کے عصری تعلیم میں بالکلیہ لگ جانا اسلام کو پسند نہیں ، اسلام اسے قابل اصلاح سمجھتا ہے ۔
            ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ جاری ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

مزید پڑھیں:
خواتین کی تعلیم و تربیت قسط (1)
خواتین کی تعلیم و تربیت قسط (2)

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

سال نو کے بدترین مفاسد اور ہماری ذمہ داریاں: قرآن و حدیث کی روشنی میں

طریقۂ نماز عیدین

لڑکیوں کی تربیت سے متعلق ضروری باتیں