ووٹ کی اہمیت اور اس کو ضائع کرنے کا نقصان

 ووٹ کی اہمیت اور اس کو ضائع کرنے کا نقصان


    گذشتہ تفصیل سے معلوم ہوگیا کہ ووٹ کی کئی شرعی حیثیتیں ہیں، لہذا ووٹ کے بارے میں غفلت یا کسی قسم کی بدعنوانی اختیار کرنا قانونا اور اخلاقا ناجائز اور جرم ہونے کے ساتھ ساتھ شرعاً بھی جائز نہیں، اور آخرت کے گناہ کے علاوہ دنیا کے اعتبار سے بھی انتہائی نقصان دہ اور باعثِ وبال ہے _

  مگر آج کل بہت سے لوگوں کے نزدیک ووٹ کے صحیح یا غلط استعمال بلکہ سرے سے ووٹ کے استعمال ہی کو اہمیت نہیں، اس لئے وہ یا تو ووٹ کو استعمال کرنے کی ضرورت ہی نہیں سمجھتے، اور جب استعمال کی ضرورت نہیں سمجھتے، تو اپنے ووٹ بنوانے یا اپنا نام ووٹر لسٹوں میں شامل کروانے کی کیا ضرورت سمجھیں گے، پھر اگر کسی طرح ان کے ووٹ بن جاتے اور تیار ہو جاتے ہیں، اور پھر اس کے بعد انتخابات کے موقع پر کسی کے کہنے سننے یا کسی اور وجہ سے ووٹ کے استعمال پر آمادہ بھی ہوجاتے ہیں، تو اس کو دنیا کی ایک رسم سمجھ کر بغیر سوچے سمجھے اور بغیر مشورہ کئے کسی بھی امیدوار کے حق میں استعمال کر لینے کو کوئی عیب نہیں سمجھتے_

   حالانکہ یہ بات پہلے گزر چکی ہے کہ ووٹ کی ایک حیثیت گواہی کی ہے، اور گواہی کے بارے میں شریعت کا حکم یہ ہے کہ ضرورت کے موقع پر اسے چھپانا اور ظاہر نہ کرنا گناہ ہے، اور ووٹ نہ دینا ظاہر ہے کہ اس گواہی کو چھپانا اور ظاہر نہ کرنا ہے، اس لیے ووٹ نہ دینا بھی گناہ ہوا، اور ووٹ کا غلط استعمال بھی گناہ ہوا_

  خلاصہ یہ کہ موجودہ ووٹوں کا نظام جس کے تحت منتخب ہو کر وزراءاور حکمران آتے ہیں، اور ایک مدت تک (مثلاً پانچ پانچ سال) ملک میں حکمرانی کرتے ہیں، اس میں ووٹ کا صحیح استعمال ایک اہم ذمہ داری ہے، جس کا صحیح مصروف میں استعمال ضروری اور اس کے غلط استعمال نیز اس کو ضائع کرنے سے بچانا لازم ہے اور اس کو ایک دنیاوی معاملہ سمجھ کر اس بارے میں کوتاہی برتنا سخت گناہ اور سنگین جرم ہے جس کے نتائج ملک و ملت اور آخرت کے علاوہ دنیا کے اعتبار سے بھی تباہ کن ہیں_

  اس لئے ہر شخص کو ووٹ کا صحیح صحیح استعمال کرنا چاہیے، اور مرد حضرات علاوہ عورتوں کو بھی باپردہ طریقہ پر رہتے ہوئے اہل شخص کے حق میں اپنے ووٹ کو استعمال کرنا چاہیے__

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

سال نو کے بدترین مفاسد اور ہماری ذمہ داریاں: قرآن و حدیث کی روشنی میں

طریقۂ نماز عیدین

لڑکیوں کی تربیت سے متعلق ضروری باتیں