دوستوں کی تلاش میں احتیاط کی ضرورت
دوستوں کی تلاش میں احتیاط کی ضرورت
خالص مادہ پرستانہ سوچ نے زندگی کے بیشتر امور کو خود غرضی اور مفاد پرستی کے جال میں پھنسا دیا ہے_جو زندگی کے متوازن، مستحکم اور دانشمندانہ انداز سے بسر کرنے کے خواہاں ہوتے ہیں ان کے لیے یہ صورتحال انتہائی پریشان کن ہوتی ہے_ماحول میں پیدا ہونے والی خرابیوں کے ہاتھوں رشتوں اور تعلقات میں در آنے والی کشیدگی، بدگمانی اور عدم توازن دور کرنے کی کوشش میں بالعموم ناکام رہنے کی صورت میں جب مخلص دوستوں کی تلاش ہوتی ہے تو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے_
مخلص دوستوں کی تلاش کے حوالے سے ہم ایک بنیادی غلطی کرتے ہیں_کسی بڑے کا مقولہ ہے کہ دنیا میں آدھے لوگ اس لیے دکھی رہتے ہیں کہ سچے اور کھرے لوگوں پر شک کرتے رہتے ہیں_
امید ہر ایک سے وابستہ نہیں کی جاتی اور ہر ایک کو شک کی نظر سے نہیں دیکھا جا سکتا_دنیا طرح طرح کے لوگوں سے بھری پڑی ہے_جو اچھے ہیں وہ ہر حال میں اچھے ہی رہتے ہیں اور جنہوں نے طے کرلیا ہے کہ برے ڈھنگ سے جینا ہے توانہیں دنیا کی کوئی طاقت تنگ سے زندگی بسر کرنے کی تحریک نہیں دے سکتی_جب ہم کسی مخلص دوست کی تلاش میں نکلتے ہیں تو کبھی کبھی کسی کی اداکاری سے متاثر ہو کر اسے اپنا سمجھ لیتے ہیں،امیدیں وابستہ کر بیٹھتے ہیں_غلط لوگوں سے امیدیں وابستہ کرنے کا وہی نتیجہ برآمد ہوتا ہے جو ہونا چاہیے_یعنی ہم پچھتاوے سے دوچار ہو جاتے ہیں_دنیا اداکاروں سے بھری پڑی ہے_ہر ایک پر آنکھ بند کرکے بھروسا نہیں کیا جا سکتا اور دوسری طرف انہیں بھی پہچاننا لازم ہے جن میں خلوص کی قدر کی جانی چاہیے_اگر ہم کسی معاملے میں دھوکہ کھانے کے بعد ہر ایک پر شک کرتے رہیں تو کبھی خلوص پانے میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے_
نئے اور مخلص دوست تلاش کرنے کے معاملے میں ہمیں غیر معمولی احتیاط سے کام لینا چاہیے_خلوص اور خلوص کی اداکاری کا فرق جاننے کی صلاحیت ہم میں ہونی چاہیے_کوئی ہمارے لئے مخلص ہو تو اس کے ساتھ مثبت طریقہ کار اختیار کیا جانا چاہئے_کسی بھی کھرے اور سچے انسان کو اگر بر وقت مناسب جواب ملے تو تعلقات میں استحکام پیدا کرنا زیادہ دشوار ثابت نہیں ہوتا_
نئے مخلصانہ اور بار آور تعلقات استوار کرنے کے معاملے میں عوام کے ساتھ قوموں اور ملکوں کو ہر قدم بہت سوچ کر اٹھانا چاہیے_ایسا نہ کرنے کی صورت میں صرف خرابیاں پیدا ہوتی ہیں_کیونکہ تعلقات کا معاملہ بھرپور توجہ اور احتیاط کا تعلق رہتا ہے_دنیا میں طرح طرح کے لوگ پائے جاتے ہیں_کسی نے دھوکا دے دیا ہے تو سب کو دھوکہ باز سمجھنا قرین دانش نہیں_اسی طرح کوئی بہت خلوص سے ملا ہے تو محض اس بنیاد پر سبھی کو مخلص سمجھ لینا معقول رویہ نہیں_
تعلقات بہت سی غیر معمولی احتیاط کے متقاضی ہے _____
تبصرے